پاکستان کا 7 واں کھلاڑی بھی کورونا سے متاثر

   

کرائسٹ چرچ ۔ نیوزی لینڈ کے دورہ پر آئے کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتویں کھلاڑی کا کورونا ٹسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ پر سوال کھڑا ہوگیا ہے۔ میڈیا کے مطابق کھلاڑیوں کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کی جانب سے آخری انتباہ بھی دیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ روانگی سے قبل ٹیم کے تمام ارکان کا کورونا ٹسٹ منفی آیا تھا تاہم اس کے باوجود نیوزی لینڈ پہنچنے پر 6 کھلاڑیوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں ساتویں کھلاڑی کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک اور رکن کا آج کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے۔بیان کے مطابق اسکواڈ کے باقی ارکان کے ٹسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے ماسوائے ان چھ کھلاڑیوں کے جن کا پہلے ہی کورونا ٹسٹ مثبت آچکا ہے۔دوسری جانب پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ میں حکام کی جانب سے کھلاڑیوں پر کورونا پروٹوکولز کی نرمی کی گئی ہے، جس میں کمروں کے کھڑکیاں کھولنا، ماسک کا استعمال کرتے ہوئے ہوٹل کے لان تک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں نے ہوٹل کے صحن میں کچھ دیر کے لیے چہل قدمی بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور میچ عہدیداروں کو 14 دنوں تک اپنے کمروں تک محدود رہنا ہوگا اور اس دوران ان کے 4 معائنے کئے جائیں گے۔