پاکستان کسی بھی جارحیت کابھرپور جواب دے گا

   

اسلام آباد، 23مئی (یو این آئی) پاکستان نے وزیراعظم ہند نریندر مودی کے گزشتہ روز کے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس میں عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہیکہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ ہندوستانی بیانات علاقائی کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہیں، ہندوستان کی جنگی دھمکیاں اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنی جاری کردہ بیان میں ہندوستانی وزیراعظم کے راجستھان میں عوامی اجتماع کے دوران دئیے بیانات مکمل مسترد کرتے ہوئے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ہندوستان کے بیانات نہ صرف علاقائی کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہیں، ہندوستان کی جنگی دھمکیاں اقوام متحدہ چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز راجستھان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو ہر دہشت گرد انہ حملے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، یہ قیمت پاکستان کی فوج اور اس کی معیشت ادا کرے گی۔انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کو ان دریاؤں سے پانی نہیں ملے گا جن پر ہندوستان کو حقوق حاصل ہیں۔