پاکستان کنکشن پر گوروگوگوئی کی پہلی مرتبہ وضاحت

   

گوہاٹی ۔ 28 مئی (ایجنسیز) کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے پاکستان سے اپنے ’’روابط‘‘ پر وضاحت کی۔ آسام پردیش کانگریس کا صدر بننے کے بعد دہلی میں پہلی مرتبہ میڈیا سے بات چیت میں گورو گوگوئی نے کہا کہ ان کی بیوی ایلزبتھ کولبرن گوگوئی ایک بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیم (این جی او) کے لئے کام کرتی تھیں اور سال 2011 میں ایک سال کے لئے اپنی ڈیوٹی کے تحت پاکستان میں تھیں۔ میں سال 2013 میں صرف ایک بار پاکستان گیا تھا۔ میرا یہ دورہ حکومت ِ ہند کے قواعد وضوابط کے تابع تھا۔میری نجی اور پیشہ ورانہ زندگی ہمیشہ صاف و شفاف رہی ہے اور قومی مفادات کے تحت رہی ہے۔ گورو گوگوئی نے پہلی مرتبہ اس مسئلہ پر زبان کھولی۔ انہوں نے مانا کہ ان کی بیوی اور 2 بچوں کی شہریت برطانوی ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے پیر کے دن گورو گوگوئی کو آسام پردیش کانگریس کا نیا صدر بنانے کا اعلان کیا تھا۔