نئی دہلی ۔ یکم اکٹوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو مالیہ کی فراہمی پر عالمی ادارہ فینانشیل ٹاسک فورسس ( ایف اے ٹی ایف) کسی بھی وقت پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرسکتا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا ایشیائی بحرالکاہل گروپ اگسٹ کے دوران پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا کیونکہ وہ مبینہ طورپر ہندوستان میں متعدد حملوں کے ذمہ دار گروپوں کو مالیہ کی فراہمی روکنے میں ناکام ہوگیا تھا ۔ راج ناتھ سنگھ نے یوم دفاعی محکمہ محابس کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کہا کہ ’’ایف اے ٹی ایف دہشت گردی کو مالیہ کی فراہمی کے ضمن میں پاکستان کو کسی بھی وقت بلیک لسٹ میں شامل کرسکتا ہے ‘‘۔ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ معاشی ترقی کے بغیر ضرورت سے زیادہ فوجی سرگرمیاں ، عالمی پالیسیوں پر توجہ کا نتیجہ یہ ہوا کہ پاکستان کے وزیراعظم عالمی اجتماع ( جنرل اسمبلی کے اجلاس ) میں شرکت کے لئے خود اپنے لئے ایک طیارہ کا انتظام بھی نہیں کرسکے ۔