پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں بھی شکست

   

ڈونیڈن : دورہ نیوزی لینڈکا آغاز پاکستانی ٹیم کے لیے بہت برا ہوا ہے۔ اسے 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ ڈونیڈن کی یونیورسٹی اوول میں کھیلا گیا۔ فی اننگز15 اوورز کے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ اس میچ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ کچھ خاص نہیں رہی اور پھر بولرزکی جانب سے بھی مایوس کن کارکردگی دیکھنے میں آئی۔ اس سے قبل اسے افتتاحی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کا ایک بار پھر خراب آغاز ہوا اور حسن نوازکھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث بھی صرف 11 رنز بنا سکے۔ اس دوران کپتان سلمان آغا نے ایک سرا تھاما اور 28 گیندوں پر46 رنز بنائے۔ تاہم انہیں دوسرے بیٹرس سے زیادہ تعاون نہیں ملا۔ شاداب خان نے 26 اور شاہین شاہ آفریدی نے ناقابل شکست22 رنز بنائے جس کے باعث ٹیم کا اسکور 15 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز تک پہنچا جو فتح کے لیے کافی نہیں تھا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے دھماکہ خیزآغاز کیا۔ ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے چھکوں کی بارش کی۔ ٹم سیفرٹ نے22 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ اسی دوران فن ایلن 16گیندوں پر38 رنزکی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مچل ہی نے21 اور ڈیرل مچل نے 14 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔ نیوزی لینڈ نے یہ ہدف13.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ پاکستانی ٹیم طویل عرصے سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں جیت سکی ہے۔ اس نے اپنی آخری کامیابی12 فروری 2025 کو حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 6 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں سے 5 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور1 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا ہے۔ اب پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ 21 مارچ کوکھیلے گی۔ یہ میچ اس کے لیے کرو یا مرو ہوگا۔ سیریز میں برقرار رہنے کے لیے اسے ہر قیمت پر جیتنا ہوگی۔