پاکستان کو دہشت گردوں سے نمٹنا ہوگا : وائیٹ ہاؤس

   

واشنگٹن ۔22فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس بات کے خواہاں ہیں کہ ہندوپاک کے درمیان جاری تنازعہ میں کمی آجائے ۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونو ں ممالک کے درمیان بات چیت کی راہ اُسی وقت ہموار ہوسکتی ہے جب پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے خلاف موثر کارروائی کرے ۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ صدر ٹرمپ سے بھی آپ جلد ہی یہ بات سُنیں گے کہ ہندوپاک کے درمیان کشیدگی کم ہوجس کے لئے موصوف دونوں ہی ممالک کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ باہمی بات چیت کو اولین ترجیح دیں تاکہ اختلافات کو ختم کیا جاسکے ۔ یہ بات انھوں نے اس وقت کہی جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا ٹرمپ اپنے دو روزہ دورۂ ہند کے دوران کشمیر معاملہ کی یکسوئی کیلئے ثالثی کی پیشکش کریں گے۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ ایک 12 رکنی وفد کے ساتھ 24 اور 25 فبروری کو احمدآباد ، آگرہ اور نئی دہلی کا دورہ کریں گے ۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ دونوں ممالک سے لائن آف کنٹرول پر بھی امن و استحکام قائم رکھنے پر زور دیں گے ۔