پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے پر برطانوی اراکینِ پارلیمان کا بورس جانسن کو خط

   

لندن : برطانیہ کے 47 اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کو کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں کی فہرست ‘ریڈ لسٹ’ میں شامل کرنے پر وزیراعظم بورس جانسن کو خط لکھ دیا۔آل پارٹیز پارلیمینٹری گروپ آن پاکستان (اے پی پی جی) کی سربراہ یاسمین قریشی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں برطانوی وزیراعظم کو ارسال کردہ خط شیئر کیا۔خط میں 46 اراکین کی دستخط موجود ہیں تاہم ایک دوسری ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ زارا سلطانہ بھی دستخط کنندگان میں شامل ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے برطانوی سیکریٹری اسٹیٹ برائے خارجہ، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ افیئرز کو 30 مارچ کو لکھے ایک خط میں سوال اٹھایا تھا کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کس سائنسی اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا گیا۔برطانوی حکومت نے پاکستان، بنگلہ دیش، کینیا اور فلپائن کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے 9 اپریل سے ان ممالک سے برطانوی یا آئرش شہریوں کے سوا دیگر مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کردی تھی۔چنانچہ اب اراکین پارلیمان کی جانب سے پاکستان اور بنگلہ دیش کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے معاملے پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو خط لکھا گیا ہے۔