ماؤنٹ مونگانوئی (نیوزی لینڈ): فن ایلن (50) کی طوفانی نصف سنچری، ٹِم سیفرٹ (44) اور کپتان مائیکل بریسویل (ناٹ آوٹ 46) کی شاندار بلے بازی کے بعد جیکب ڈفی (چار وکٹ) اور زکری فاکس (تین وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے اتوار کے روز چوتھے ٹوئنٹی 20میچ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی ناقابل عبور برتری حاصل کرلی ہے۔ فن ایلن کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔ 221رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات انتہائی خراب رہی، اور وہ صرف دو اوورز میں 9 کے اسکور پر تین وکٹیں گنوا بیٹھا۔ محمد حارث (دو) کو ولیم او رورک نے بولڈ کیا، جبکہ گزشتہ میچ میں 44 گیندوں میں طوفانی سنچری اسکور کرنے والے حسن نواز (ایک) اور آغا سلمان (ایک) کو جیکب ڈفی نے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد عرفان خان (24) نے کریز پر رکنے کی کوشش کی، لیکن نیوزی لینڈ کے شاندار بولنگ اٹیک کے سامنے کوئی بھی پاکستانی بلے باز زیادہ دیر تک نہیں ٹھہر سکا۔شاداب خان (ایک)، خوشدل شاہ (چھ)، عباس آفریدی (ایک) اور شاہین شاہ آفریدی (چھ) معمولی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کا نواں وکٹ حارث رؤف (چھ) کے طور پر گرا، جنہیں جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ ٹیم کی جانب سے عبدالصمد نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے ۔ ایش سوڈھی نے 17ویں اوور کی دوسری گیند پر صمد کو آؤٹ کر کے پاکستان کی اننگز 105 پر سمیٹ دی۔ قبل ازیں آغا سلمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے 220/4 کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ایلن نے 20 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50رنز بنائے ۔ حارث رؤف نے تین وکٹیں، جبکہ ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔