بیجنگ ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین نے اپنے دیرینہ حلیف پاکستان کو مالی بحران سے بچانے کیلئے قرض کی فراہمی کے بارے میں آج رات جواب دینے سے گریز کیا۔ پاکستان کے وزیرفینانس اسد عمر نے جمعرات کو اسلام آباد میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مالی مدد کے حصول کے بعد چین کیساتھ ایک معاشی امداد کے پیکیج کو قطعیت دی جارہی ہے اور حکومت کو آئندہ چند دن کے دوران بیجنگ سے مالی اعانت کے حصول کی توقع ہے۔ تاہم اسد عمر کے اس تبصرہ پر ردعمل کی خواہش پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچین ینگ نے کہا کہ اس قرض کے بارے میں انکے پاس کوئی واضح معلومات نہیں ہے۔ ہوا چن ینگ نے کہا کہ ’’جیسا کہ آپ بھی جانتے ہیں کہ چین اور پاکستان ہر موسم میں ایک دوسرے کے حکمت عملی کے حلیف رہے ہیں۔ چین ہمیشہ ہی اپنی صلاحیت و استطاعت کے مطابق پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے مدد کرتا رہا ہے۔ بحران سے نمٹنے سرگرم اقدامات کی کوششوں میں پاکستان کی ہم تائید کرتے ہیں لیکن جہاں تک آپ کے متذکرہ مسائل کا تعلق ہے مجھے اس کے بارے میں واضح معلومات نہیں ہیں‘‘۔