پاکستان کو نئی گیند سے وکٹ لینے والا بولر چاہئے :اکرم

   

کراچی ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کو نئی گیند سے وکٹ لینے والا بولر چاہئے ، آسٹریلیا کیخلاف میچ میں ابتدا میں جلد وکٹیں لینا اہم تھا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ محمد عامر اچھا مظاہرہ کررہے ہیں اب وقت ہے کہ حسن علی بھی آگے آکر اپناکردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ابتدائی کھلاڑی رنز بنائیں ۔ فخر، بابر اور امام میں سے کسی ایک کا کم از کم اسی رنز اسکورکرنا ضروری ہے تاکہ ٹیم کو بڑا اسکور کرنے کی بنیاد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان اب سینئر ہوگئے ہیں، ان کو اب ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرنا ہوگی، ہر گیند کو آگے نکل کر نہیں کھیل سکتے، میریٹ پر گیند ہو تو ہٹ کریں ، بابر اور امام تکنیکی طور پر اچھے بیٹسمین ہیں۔

انگلینڈ،کینیڈا اور اٹلی کامیاب
پیرس ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) فیفا ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنمنٹ میں کینیڈا نے کیمرون کو 0-1 گول سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز سے آغاز کیا جبکہ ارجنٹینا اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ ویمن فٹبال ورلڈ کپ میں کینیڈا، انگلینڈ اور اٹلی کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔دوسرے میچ میں انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو زیر کر لیا، فاتح ٹیم نے حریف ٹیم کو 2-1 گول سے شکست دی ۔ ایک اور میچ میں اٹلی نے آسٹریلیا کو شکست برداشت کرنے پر مجبور کیا۔ آسٹریلیائی ٹیم ایک گول کی برتری حاصل کرنے کے بعد بھی ہار گئی۔ اْسے 2-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔