پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے پر ہندوستان کا غور

   

نئی دہلی ۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی جانب سے مسلسل دہشت گردانہ حملوں سے برہم ہندوستان نے اب کھیل کے میدان میں بھی سخت کارروائی کا ذہن بنا لیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے خبر ہے کہ بی سی سی آئی پاکستان کو ورلڈ کپ 2019 سے باہر نکانے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی، آئی سی سی سے مطالبہ کر سکتا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کیا جائے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان سے کھیلنے کے مسئلے پر جمعہ کو کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرس (سی او اے ) کا اجلاس ہونے والا ہے جس میں آگے کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی۔ اس اجلاس سے پہلے وزارت کھیل، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے بات چیت کی جائے گی۔ اس صلاح کے بعد ہی بی سی سی آئی اور سی او اے پاکستان سے ورلڈ کپ میں کھیلنے کے ضمن میں کوئی فیصلہ کریں گے حالانکہ بی سی سی آئی نے اس معاملے پرآئی سی سی کو ابھی کوئی مکتوب نہیں لکھا ہے۔ ذرائع کے بموجب کہ بی سی سی آئی پاکستان کو ورلڈ کپ 2019 سے باہر نکانے کا مطالبہ کر سکتا ہے۔ بی سی سی آئی، آئی سی سی سے مانگ کر سکتا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کیا جائے۔ آئی سی سی اور ورلڈ کپ 2019 کی انتظامہ کمیٹی کو اب بھی یقین ہے کہ مانچسٹر میں 16 جون کو ہونے والے ہندوستان اور پاکستان میچ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا ۔علاوہ ازیں ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ حکومت نے کہا تو پاکستان کے ساتھ ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ کے حوالے سے صورتحال کچھ دنوں بعد واضح ہو گی، اگر میگا ایونٹ کے وقت حکومت محسوس کرتی ہے کہ پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیے تو ہم ایسا ہی کریں گے، ظاہر ہے کہ ہندوستانی ٹیم نہیں کھیلے گی تو پاکستان کو مقابلے کے نشانات ملیں گے، اگر فائنل میں دونوں ٹیمیں مقابلہ میں آئیں تو پاکستان بغیر میچ کھیلے چمپئن بن جائیگا لیکن ہنوز بی سی سی آئی کی اس حوالے سے آئی سی سی کیساتھ کوئی بات نہیں ہوئی۔ دریں اثناء رواں ماہ کے آخری ہفتے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں ہند۔ پاک میچ کا معاملہ بھی زیرغور آسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پلوامہ حملہ کے بعد ہندوستانی ا سپورٹس حکام بھی پاکستان کے خلاف غم و غصہ ظاہر کررہے ہیں اور کھیلوں کو سیاست سے متاثر ہونے کے ضمن میں اپنی کارروائیوں کو انجام دے رہے ہیں۔ ہندوستان کو پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں اہم مقابلہ 16 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جانا ہے۔