واشنگٹن۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان سہ فریقی فورم کے افتتاحی اجلاس میں ایسے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جو جنوبی اور وسطی ایشیا کو جوڑ کر پورے خطے میں خوشحالی لائیں گے۔پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سہ فریقی اجلاس میں جن منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان ریلوے روابط اور ایک گیس پائپ لائن شامل ہے جو پاکستان کے راستے ہندوستان تک جائیگی۔اس طرح کے تمام روابط افغانستان اور پاکستان سے گزرتے ہیں اور صرف اسی صورت میں تعمیر ہوسکتے ہیں جب افغانستان کے ساتھ ساتھ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان امن ہو۔ علاقائی خوشحالی کی طرف پہلے قدم کے طور پر تینوں حکومتوں نے ‘عید کے سلسلے میں کی گئی جنگ بندی کو جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کی اور افغانستان کے جنگ بندی سے پہلے کی سطح پر واپس نہ لوٹنے کی ضرورت پر زور دیا‘۔