پاکستان کیخلاف رکلٹن کی ڈبل سنچری، جنوبی افریقہ 615

   

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹسٹ کے آج دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری رکھی اور میزبان ٹیم نے ریان رکلٹن کے کرئیر کی پہلی ڈبل سنچری کی مدد سے 615 کا ہمالیائی اسکور کھڑا کرلیا ہے جس میں ساتویں نمبر پر کائل ویری یین کی بھی سنچری (100) شامل ہے۔ رکلٹن نے 259 رنز بنائے جس میں 343 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 29 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ پروٹیز کی اننگز میں کیپٹن ٹمبا باووما کی سنچری (106) بھی شامل ہے جو انہوں نے گزشتہ روز بنائی تھی۔ آج دوپہر کے سیشن میں مارکو یانسن نے 54 گیندوں میں 62 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ انہوں نے افریقی اسکور کو تیزرفتاری سے 600 کے پار لے جانے میں اہم رول ادا کیا۔ لوور آرڈر میں کیشو مہاراج نے بھی چوکوں اور چھکوں کی مدد سے صرف 35 گیندوں میں 40 رنز بنائے۔ صبح میں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 316/4سے کیا لیکن محمد عباس نے ڈیوڈ بیڈنگٹن کو جلد ہی پویلین لوٹا دیا۔ دوسری جانب گزشتہ روز کے سنچری میکر رکلٹن نے اپنی شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹسٹ کی پہلی ڈبل سنچری 24 چوکوں
اور ایک چھکے کے ساتھ مکمل کی۔دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔