آکلینڈ۔ پاکستان 9 برس سے نیوزی لینڈکیخلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی کا منتظر ہے جب کہ میزبان ٹیم اپنے ملک میں مختلف حریفوں کیخلاف لگاتار6 سیریز جیت چکی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ پر مجموعی طور ٹسٹ اور ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں برتری حاصل ہے لیکن گذشتہ کچھ عرصے کے دوران کیویز کے خلاف کارکردگی متاثر کن نہیں رہی ۔ آخری مرتبہ پاکستان نے جنوری2011 میں مصباح الحق کی زیرقیادت نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز جیتی تھی،اس کے بعد 3 میں 2 سیریزکیویز نے اپنے نام کیں جبکہ ایک برابر رہی۔2014 میں متحدہ عرب امارات میں 3 میچز کی سیریز 1-1 سے ڈرا ہوئی، 2016 میں نیوزی لینڈ میں کھیلی گئی 2 میچز کی سیریز میں مہمان ٹیم کو ناکامی ہوئی، 2018 میں یواے ای میں کیویز کو 3 میچز میں 0-2 سے فتح ملی۔حالیہ برسوں میں اپنے خطرناک فاسٹ بولنگ شعبہ کے بل بوتے پر نیوزی لینڈرز گھریلو سیریزمیں ناقابل شکست بن چکے ہیں۔ آخری مرتبہ 2016 میں جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی۔ اس کے بعد لگاتار 6 سیریز اپنے نام کیں، 2 بار انگلینڈ جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اورہندوستان کو فی کس ایک مرتبہ زیرکیا۔ اس دوران نیوزی لینڈ نے مجموعی طور پر12 میں سے 9 ٹسٹ جیتے اور 3 ڈرا ہوئے، اس طرح کیویز گذشتہ 4 برس کے دوران اپنے ہوم گراونڈ پر ایک بھی ٹسٹ نہیں گنوایا ہے۔ نیوزی لینڈ کو اپنی وکٹوں پر فاسٹ بولرز سے بہت تقویت ملی۔ ٹم ساوتھی 284 وکٹیں حاصل کر کے سرفہرست ہیں، ٹرینٹ بولٹ کی وکٹوں کی تعداد 267 ہو چکی،نیل ویگنر 206 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔