احمد آباد: احمد آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں تین مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ احمد آباد کرائم برانچ نے 2012 میں سراج الدین علی فقیر، محمد ایوب اور نوشاد علی کو گرفتار کیا تھا۔ تب سراج 24 سال کا تھا جبکہ ایوب اور نوشاد کی عمر 23،23 سال تھی۔ یہ تینوں ہندوستانی فوج کی خفیہ معلومات پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کو بھیجتے تھے۔ تینوںمیں سے دو کا تعلق احمدآباد کے جمال پور اور نوشاد علی کا راجستھان کے جودھپور سے ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج امبالال پٹیل کی عدالت نے سزائے موت کیلئے سرکاری وکیل کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تینوں کا جرم انوکھے زمرے میں نہیں آتا۔
