پاکستان کیلئے کئی غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیںبند ہونے کا خدشہ

   

اسلام آباد : عالمی ایئرلائنز کی تجارتی ایسوسی ایشن،انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ٰآئی اے ٹی اے) نے معاشی بحران کا شکار پاکستان کو خبردار کیا کہ نقد ادائیگیوں میں مسلسل رکاوٹ کی وجہ سے غیر ملکی ایئرلائنز ان کے ملک میں اپنا آپریشن بند کر سکتی ہیں۔ ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے جنوری تک غیر ملکی ایئرلائنز کو تقریباً 290 ملین ڈالر کی ادائیگیاں کرنی تھیں-آئی اے ٹی اے کے ایشیا پیسیفک کے علاقائی نائب صدر فلپ گوہ کا کہنا ہے کہ اگر حالات کسی ملک میں فضائی آپریشن کے اخراجات کو سہارا نہ سے سکتے ہوں، تو ایسے میں ایئرلائنز سے توقع رکھنی چاہئے کہ وہ اپنے قیمتی ہوائی جہاز وں کے اثاثوں کو کسی اور منافع بخش جگہ پر استعمال کریں۔ان کا حوالہ دیتے ہوئے بتا یا گیا کہ ورجن اٹلانٹک ایئرویز نے حال ہی میں پاکستان کے لیے پروازیں معطل کی ہیں۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر حال ہی میں کم ہو کر تقریباً 4.6 بلین ڈالر کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں، جو چار ہفتوں کی درآمدات کو پورا کرنے کے لیے بمشکل کافی ہیں اور جس کی وجہ سے مرکزی بینک کو ملک سے باہر ڈالر بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔