ایشیا کپ میچ میں شاہین آفریدی و دیگر کی کارگر بولنگ۔ ہاردک اور ایشان کی نصف سنچریاں
پالی کیلے (سری لنکا) : ہندوستان نے ایشیا کپ کے لیگ میچ میں آج پاکستان کو جیت کیلئے 267 کا ٹارگٹ دیا ہے۔ سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں بارش کے امکانات کے درمیان دن اور رات کے میچ میں روہت شرما نے ٹاس جیت کر بابر اعظم زیرقیادت ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ پاکستان کے اسٹرائیک بولر شاہین شاہ آفریدی جن سے ہندوستانی بیاٹرز پہلے سے ہی خائف نظر آرہے تھے، عملاً ناکام ہوئے۔ شاہین نے اپنے ابتدائی 7 اوورس کے دوران 22 رنز خرچ کرتے ہوئے اوپنر روہت اور اسٹار بیاٹر ویراٹ کوہلی دونوں کو بولڈ کردیا۔ دونوں بیاٹرز ترتیب وار 11 اور 4 رنز بنا پائے۔ مزید دو وکٹیں حارث رؤف نے گرائے جب دیگر اوپنر شبھ من گل 10 اور چار نمبر کے شریاس ایئر 14 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس نازک مرحلے پر وکٹ کیپر ؍ بیاٹر ایشان کشن اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے پانچویں وکٹ کیلئے 138 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ ایشان نے 82 رنز بنائے جبکہ ہاردک نے اننگز کا ٹاپ اسکور 87 درج کرایا۔ ہندوستانی ٹیم 48.5 اوورز میں 266 پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے چھ بولروں کا استعمال کیا جن میں سے شاہین (4/35)، حارث (3/58) اور نسیم شاہ (3/36) نے ہندوستانیوں کو آل آؤٹ کردیا۔ شاداب خان، محمد نواز اور آغا سلمان کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔ بابر کی قیادت میں اِن فام پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کیلئے 267 کا اوسط ٹارگٹ حاصل کرنا مشکل نہیں ہونا چاہئے۔ تاہم، بارش سے کھیل میں خلل پڑتا ہے تو ڈک ورتھ؍ لوئس سسٹم کا رول اہم رہے گا۔ اس لئے بابر کی ٹیم کو ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے بارش کے امکان کا پہلو ملحوظ رکھنا ہوگا۔ پاکستان نے اپنا پہلا میچ نیپال سے جیتا تھا۔