پشاور، 2ستمبر (یو این آئی) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایف سی لائن پر حملے کو ناکام بنادیا گیا، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ بنوں میں کرم پُل کے قریب ایف سی لائن پر فتنۃ الخوارج نے دستی بموں اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، ایف سی لائن میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ ادھر، لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود مچن خیل اڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔