اسلام آباد، 15 اکتوبر (یو این آئی) پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف ایک اور کامیاب کارروائی کی ہے ، چوتھی پانچویں اور چھٹی ٹینک پوزیشنیں اور متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق کرم میں قابض افغان طالبان، فتنہ الخوارج کی جارحیت پر پاک فوج نے تابڑ توڑ جوابی کارروائی میں مجموعی طور پر 6 ٹینک پوزیشنیں اور پوسٹیں عملے سمیت تباہ کردیں۔ ایک ٹریننگ کیمپ کا بھی خاتمہ کردیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی اہم پوسٹوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ پاک فوج نے پولسین پوسٹ کے مد مقابل خارجی ملک نعیم کے ٹریننگ کیمپ کو بھی نشانہ بنایا، کاروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا ٹریننگ کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ قابض افغان طالبان رجیم کی جانب پاکستان کی حدود میں ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں سیکورٹی فورسز کی زبردست کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فوج کی جوابی فائرنگ کی وجہ سے افغان طالبان پوسٹوں کا شدید نقصان ہوا ہے ، قابض افغان طالبان کی پوسٹوں پر آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے کے دوران چوتھی ٹینک پوزیشن شمشاد پوسٹ تباہ کردی گئی، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے کارندے گھبراہٹ میں پوسٹیں اور متعدد لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ پاک فوج کی کرم سیکٹر میں ایک اور کارروائی میں انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے دوران چلتے ٹینک کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی اہم کارروائی میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ پاک فوج کی خوست میں کی جانے والی کارروائی میں پانچویں ٹینک پوزیشن نارگسر پوسٹ پر بھی گولہ باری کرکے ایک ٹینک کو عملے سمیت تباہ کردیا گیا۔