پاکستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف سنسنی خیز کامیابی

   

سنچورین : پاکستان نے پہلے ونڈے میں اننگ کی آخری گیند پر جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے وان ڈیر ڈیوسن کی 123 رنوں کی شاندار اننگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اووروں میں 6 وکٹ کے نقصان پر 273 رنوں کا مشکل اسکور بنایا۔پاکستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنے کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری (103) اور سلامی بیٹسمین امام الحق (70) کے ساتھ 177 رنوں کی عمدہ شراکت کی مدد سے 50 اووروں میں 7 وکٹ کے نقصان پر 274 رن بنا کر زبردست جیت حاصل کی۔دونوں بیٹسمینوں نے شان دار شراکت کے دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 104 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔بابراعظم کی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے اور وہ 103 رنز بنا کر نارٹجے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 32ویں اوور میں 186 رنز تھا۔امام الحق اور محمد رضوان کے درمیان شراکت بھی طول نہیں پکڑ سکی اور 193 پر امام الحق 70 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔کپتان بابراعظم اور امام الحق نے ٹیم کو ایک پوزیشن پر پہنچایا تھا لیکن اپنا پہلا میچ کھیلنے والے دانش عزیز 3 اور آصف علی 2 رنز بنانے کے بعد جلد ہی آؤٹ ہوگئے، جس کے نتیجے میں ٹیم ایک مرتبہ پھر دباؤ میں آگئی۔محمد رضوان اور شاداب خان نے اچھی شراکت کی اور اسکور 256 رنز تک پہنچایا لیکن محمد رضوان ایک اہم موقع پر 40 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔شاداب خان بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے لیکن آخری اوور کی پہلی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب جیت کے لیے صرف 3 رنز درکار تھے۔فہیم اشرف نے 3 رنز بنانے کے لیے 5 گیندوں کا انتظار کروایا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر ایک رن بنا کر ٹیم کو 3 وکٹوں سے فتح دلائی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 274 رنز بنائے، فہیم اشرف 10 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ڈوسن کی سنچری کی بدولت پاکستان کے خلاف 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں ابتدائی طور پر نقصان میں جانے کے باوجود مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 273 رنز بنا لیے تھے۔سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی باؤلرز نے شان دار کارکرگدی دکھاتے ہوئے محض 55 رنز پر میزبان ٹیم کے 4 بیٹسمینوں کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا تھا۔