لوزان، 29 اکتوبر (آئی اے این ایس) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے دستبردار ہونے کے بعد عمان کو آئندہ مردوں کے ہاکی جونیئر ورلڈ کپ 2025 میں شرکت کا موقع دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک چنئی اور مدورائی (تمل ناڈو میں منعقد ہوگا۔ ایف آئی ایچ کے مطابق، عمان نے جونیر ایشیا کپ 2024 میں اگلی بہترین درجہ بندی حاصل کرنے کی بنیاد پرکوالیفائی کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ کو مطلع کیا کہ وہ تمل ناڈو 2025 میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کی دعوت قبول نہیں کر رہے، حالانکہ ان کی ٹیم گزشتہ سال ایشیا جونیئرکپ میں کوالیفائی کر چکی تھی۔ پاکستان گروپ بی میں ہندوستان، چلی اور سوئٹزرلینڈکے ساتھ شامل تھا، مگر اب عمان اس گروپ میں اس کی جگہ لے گا۔ پاکستان کی تاخیر سے دستبرداری کے باعث ایف آئی ایچ کو مشکلات کا سامنا ہوا، کیونکہ ادارے نے تقریباً ایک ماہ تک قرعہ اندازی مؤخر رکھی تھی تاکہ پاکستان اپنی حکومت سے مشاورت کر سکے۔ بعدازاں ایف آئی ایچ نے قرعہ اندازی کی تقریب اپنے ہیڈکوارٹر لوزان میں منعقد کی۔ یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستان نے ہندوستان میں کسی بڑے ایونٹ سے انکارکیا ہے۔ اس سے قبل وہ مردوں کے ایشیا کپ (راجگیر، بہار) سے بھی دستبردار ہو چکا تھا، جہاں اس کی جگہ بنگلہ دیش کو دی گئی تھی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان اگلے سال کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا۔ قابلِ ذکر ہے کہ 2025 کے ہاکی جونیئر ورلڈکپ (خواتین اور مردوں کے لیے) میں پہلی بار24 ٹیمیں شرکت کریں گی، جو ایف آئی ایچ کی ایمپاورمنٹ اور انگیجمنٹ پالیسی کے تحت زیادہ ممالک کو موقع دینے کی کوشش ہے۔ گزشتہ ایڈیشن (2023، کوالالمپور، ملیشیا) میں جرمنی نے خطاب جیتا تھا اور وہ اب دفاعی چمپئن کے طور پر میدان میں اترے گا۔یادرہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں جس کی وجہ سے پہلے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ کا کھیل متاثر ہواہے جس کے بعد اب ہاکی کے ایونٹ بھی تبدیل ہوا ہے۔