اسلام آباد۔ پاکستان نے کورونا وائرس کے نئے اور ممکنہ طور پر زیادہ خطرناک ویرینٹ کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر سات ممالک کے مسافروں پر سفری پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ’این سی او سی‘ کے مطابق چھ جنوبی افریقی ممالک جن میں لیسوتھو، ایسواتینی، موزمبیق، بوٹسوانا اور نمیبیا اور جنوبی افریقہ کے علاوہ ہانگ کانگ کے مسافروں پر بھی اس سفری پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے۔ پاکستان کی وزارت صحت کے مطابق سفری پابندی کا یہ فیصلہ ہفتے کی شام دیر گئے کیا گیا اور یہ اتوار 28 نومبر سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔