پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردی میں کمی کے کوئی آثار نہیں

   

سکیورٹی فورسیس جموں و کشمیر میں بحالیٔ امن کیلئے پابند عہد۔ افسروں اور سپاہیوں کی قربانی پر فورسیس کو فخر: ڈی جی پی دلباغ سنگھ

جموں 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی زیرسرپرستی دہشت گردی میں انحطاط کے کوئی آثار نظر نہ آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل جموں اینڈ کشمیر پولیس دلباغ سنگھ نے آج کہاکہ سکیورٹی فورسیس نے ریاست میں امن بحال کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ یہ بیان 40 سنٹرل ریزرو پولیس فورس جوانوں کی جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کے حملے میں ہلاکت کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ دلباغ سنگھ نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امن کمار ٹھاکر کو یہاں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا والوں کو بتایا کہ پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردی گزشتہ کئی سال سے جاری ہے اور اِس میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں لیکن ہم نے ریاست سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے اور خطہ میں امن بحال کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ ٹھاکر اور ایک سپاہی اتوار کو جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں جیش محمد کے دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی میں مارے گئے۔ اِس انکاؤنٹر میں دو پاکستانی شہریوں کے بشمول جیش محمد کے تین دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔ گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال ملک، مرکزی وزیر جیتندر سنگھ، مشیر گورنر اور پولیس، آرمی، سی آر پی ایف، سیول نظم و نسق کے سینئر عہدیداران بھی یہاں پولیس لائنس میں منعقدہ تقریب میں شریک ہوئے اور ٹھاکر کو گلہائے عقیدت پیش کیا جن کی نعش صبح میں سرینگر سے ذریعہ طیارہ جموں کو لائی گئی۔ ڈی جی پی نے کہاکہ جیش محمد، لشکر طیبہ اور بعض دیگر گروپ کشمیر میں اپنی سرگرمیاں بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسیس اُن کے خلاف اپنے آپریشنس منعقد کررہے ہیں تاکہ اُنھیں یہاں سے نکال باہر کیا جائے اور اُمید ہے کہ آنے والے مہینوں میں صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔ دلباغ سنگھ نے مزید کہاکہ سکیورٹی فورسیس کو جوانوں کو قربانیوں پر فخر ہے اور وہ تمام سرگرم دہشت گرد گروپوں کو آنے والے دنوں میں صفحۂ ہستی سے مٹادینے کا عزم رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست کی سکیورٹی صورتحال قابو میں ہے اور پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسیس اپنا کام اطمینان بخش انداز میں کررہے ہیں اور جموں و کشمیر میں امن قائم ہے۔ پولیس سربراہ نے ستائش کی کہ ٹھاکر نے کافی ہمت و شجاعت کا مظاہرہ کیا، ہم نے ایک بہادر رفیق کار کو کھودیا ہے اور اُن کی شہادت پر ہمیں فخر ہے۔ اِس اطلاع پر کہ جیش محمد کے دہشت گرد کلگام کے ایک گاؤں میں روپوش تھے، پولیس، آرمی اور سی آر پی ایف نے گزشتہ روز مشترکہ آپریشن کیا۔ اِس دوران ٹھاکر کو گولی کا زخم آیا اور وہ اسپتال منتقلی کے دوران جانبر نہ ہوسکے۔ گزشتہ سال اُنھوں نے شجاعت سے کام کرنے کے اعزاز میں شیر کشمیر پولیس میڈل حاصل کیا تھا۔ ڈی جی پی نے کہاکہ افسروں اور جوانوں کی قربانی سے فورسیس کو دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی اور ریاست میں امن بحال کرنے کی تحریک حاصل ہوگی۔ ہم تمام شہیدوں کی قربانی کو سلام کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف یہ لڑائی مزید شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔