پاکستان کی شکست پر شعیب اختر کا سخت ردعمل

   

کراچی،22ستمبر(یو این آئی ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایشیا کپ سوپر فور میچ میں ہندوستان کے مقابل پاکستان کی واضح شکست پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ شعیب نے ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کے پاس 200 رن بھی بورڈ پر ہوتے تب بھی بولرز اس کا دفاع نہیں کر پاتے ۔ اگر فہیم اشرف کو بولنگ کرنی تھی تو نئی گیند کا استعمال کرنا چاہیے تھا، اگر وہ صائم ایوب کی جگہ لیتے تو کارآمد ثابت ہوتے ۔ شعیب نے کہا کہ ابرار احمد سے پہلے پارٹ ٹائم بولرصائم آ رہے ہیں۔ ابرار آپ کے مین بولر ہیں۔ آپ کی بولنگ لائن اپ اس قابل نہیں تھی کہ پاکستانی ٹیم نے 200 رن بھی بنائے ہوتے تو اس کا دفاع کرپاتی۔شعیب نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ ناقص تھی۔ حارث رؤف نے ایک بھی وکٹ نہیں لی۔ ہندوستانی بیاٹرز اپنی غلطیوں سے آؤٹ ہوئے ۔ سوریا کمار یادو نے غلط شاٹ کھیلا اور پاکستان کو وکٹ مل گئی۔ یہ میچ تواتنا آگے بھی نہیں جاتا۔ ذرا سوچیں، اس ٹیم کے پاس لوکیش راہول نہیں ہے ۔ وہ ہمیشہ گیند بازوں کو مارتا ہے۔ راہول کو سنجو سیمسن کی بجائے ٹیم میں ہونا چاہیے تھا۔