پاکستان کی شہباز حکومت امریکہ کیساتھ تعلقات کی بحالی کی خواہاں

   

اسلام آباد : پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ چند ہفتوں کے دوران ہونے والے اعلیٰ سطح کیرابطوں کو مبصرین اسلام آباد اور واشنگٹن کے باہمی تعلقات کیلئے مفید قرار دے رہے ہیں جو پاکستان کی سابق حکومت کے دور میں بظاہر سردمہری کا شکار رہے تھے۔پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے امریکی ہم منصب اینٹی بلنکن نے چہارشنبہ کو ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا تھا جبکہ وفاقی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا امریکی ہم منصب جان کیری سے بھی رابطہ ہوا ہے۔امریکہ کے محکمہ خارجہ کے نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور دلاور سید بھی پاکستان کے دورے پر ہیں اور وہ تاجروں سے ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔امریکہ، پاکستان کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور امریکہ کیلئے پاکستان کی سالانہ برآمدات لگ بھگ 6ارب ڈالر سے زیادہ ہے لیکن پاکستان کے کاروباری حلقوں کو توقع ہے کہ امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور کے دورہ سے پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔