اسلام آباد میں انعقاد ، افغانستان اور امریکہ شرکت کریں گے
اسلام آباد: امریکہ، چین، پاکستان اور روس کے سینئر سفارت کار 11 نومبر کو یہاں ٹرائیکا پلس میٹنگ میں شرکت کریں گے جس میں کابل کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی شریک ہوں گے جو پاکستان کے تین روزہ دورے پر چہارشنبہ کو یہاں پہنچ رہے ہیں۔افغانستان میں منتخب حکومت کے خاتمے کے بعد ٹرائیکا پلس کا یہ پہلا اجلاس ہے ۔ڈان نے ایک پاکستانی سفارتی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ ٹرائکا پلس متقی سے خصوصی نمائندے (ایس آر) کی سطح پر ملاقات کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ ٹرائیکا پلس افغان حکام سے رابطے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے ۔ اس ملاقات میں افغانستان میں انسانی بحران کی روک تھام، انسانی حقوق کے تحفظ بالخصوص خواتین کے حقوق سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ٹرائیکا اجلاس اس سال اکتوبر میں ماسکو میں ہوا تھا جس میں افغانستان اور پاکستان نے شرکت کی تھی۔
