ایوان نے اعتماد کا اظہار نہ کیا تو اپوزیشن میں بیٹھوں گا: وزیراعظم
اسلام آباد: پاکستان کی عمران خان حکومت کو خطرہ لاحق ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے ان کے خلاف منظم احتجاج شروع کیا تھا۔ پاکستانی پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ لیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ہفتے کو ایوان سے اعتماد کا ووٹ لوں گا اور سب کے سامنے پوچھوں گا کہ آپ کو مجھ پر اعتماد ہے یا نہیں ، اگر میں اہل نہیں ہوں اور مجھ پر اعتماد نہیں کیا جاتا تو میں اپوزیشن میں بیٹھوں گا۔عمران خان نے کہا کہ اگر آپ علی الاعلان مجھ پر عدم اعتماد کریں گے تو میں آپ کی عزت کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو میرا پیغام ہے کہ اگر اقتدار چلا جاتا ہے تو میرا کیا نقصان ہوگا۔ مجھے سرمایہ جمع نہیں کرنا اور جائیداد نہیں بنانی۔ سفر اور سیکیورٹی کے علاوہ مجھ پر حکومت کا کوئی پیسہ خرچ نہیں ہورہا۔ آپ کو بتانا چاہتا ہوں جب تک آپ ملک کا لوٹا مال واپس نہیں کرتے ، اقتدار میں نہ بھی رہوں تو آپ کو نہیں چھوڑوں گا۔ میرا ایمان ہے کہ یہ ملک ایک عظیم ملک اس وقت بنے گا جب اس میں ڈاکوؤں کو سزائیں ملیں گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ کیا میری اکیلے کی ذمے داری ہے کہ میں ان ڈاکوؤں کا تعاقب کروں ۔ قوم کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ کرپٹ لوگوں پر پھول نہیں پھینکے جاتے۔ دنیا میں ایک ملک بتائیں جہاں کرپٹ لوگوں کیلئے سزا کا نظام نہ ہو اور وہاں ترقی ہورہی ہو۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کو جتنی نشستیں ملنی تھیں وہ مل گئیں۔