پاکستانی پائلٹوں کے جعلی لائسنس کی بناء پر امریکہ کا اقدام
واشنگٹن۔ امریکہ کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو کرونا وائرس کے باعث امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لے جانے کیلئے پروازیں چلانے کا جو خصوصی اجازت نامہ جاری کیا تھا، اسے منسوخ کر دیا ہے۔پاکستان کے ہوابازی کے وزیر غلام سرور خان نے پی آئی اے کے ایک طیارے کے کراچی میں حادثے سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایئرلائن کے ہوابازوں میں سے 150 کے لائسنس جعلی ہیں۔اس حادثے میں طیارے کے عملے سمیت 90 سے زیادہ مسافر جاں بحق ہو گئے تھے۔ بدقسمت طیارے کے پائلٹ کے متعلق بعد ازاں بتایا گیا تھا کہ اس کا لائسنس اصلی تھا۔امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ نے کرونا وائرس کی وجہ سے پھنس جانے والے پاکستانیوں کو واپس لے جانے کیلئے اپریل میں پی آئی اے کو 12 براہ راست پروازوں کی خصوصی اجازت دی تھی جس کے بعد پی آئی اے نے کئی امریکی شہروں تک 6 پروازیں چلائی تھیںجبکہ اس کی 6 پروازیں باقی تھیں۔
