پونچھ اور راجوری میں فائربندی کی خلاف ورزی، ہندوستان کا مؤثر جواب
جموں ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوجی سپاہیوں نے چہارشنبہ کو لائن آف کنٹرول پر جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں بلااشتعال فائرنگ اور مورٹار شلباری کی۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں نے پوری شدت کے ساتھ جواب دیا جس کے نتیجہ میں پاکستانی فوجی چوکیوں کو بھاری نقصانات پہنچے اور پاکستانی فوج کو گزند پہنچے۔ دفاع کے ایک ترجمان نے کہاکہ ’’رات 00:30 بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول ضلع راجوری کے نوئیڈا سیکٹر پر چھوٹے اسلحہ سے فائرنگ اور مورٹار شلباری کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے موثر اور طاقتور جواب دیا۔ یہ لگاتار چوتھا دن ہے کہ پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر اضلاع پونچی اور راجوری میں اندھادھند فائرنگ اور شلباری کرتے ہوئے سویلئنس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں ایک کمسن لڑکی اور ایک جوان ہلاک دیگر دو زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے کہا کہ پاکستانی فوج نے منگل کو شمالی کشمیر کے علاقہ تنگھار کے سرحدی ٹھکانوں اور دیہاتوں کو فائرنگ و شلباری کا نشانہ بنایا تھا۔ پاکستانی فورسیس نے پیر کو لائن آف کنٹرول پر ضلع پونچھ کے مانکوٹ اور شاہپور سیکٹرس کو شلباری کا نشانہ بنایا تھا۔