پاکستان کی کوششوں کو ناکام بنانے پر مسلح افواج کی ستائش :راجناتھ

   

بھج، 2 اکتوبر (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کے روز گجرات کے بھوج ملٹری اسٹیشن میں وجے دشمی کے موقع پر شستر پوجا (اسلحہ کی پوجا) کی اور پاکستان کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے ہندوستانی مسلح افواج کی تعریف کی۔ راجناتھ سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے لیہہ سے سر کریک سیکٹر تک ہندوستان کے سکیورٹی نظام کی خلاف ورزی کرنے کی جسارت کی لیکن ہندوستانی فوج کی تیزاور موثر کارروائی سے اس کے فضائی دفاعی نظام کو بے نقاب کردیا۔
بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام بھی دیا کہ ہندوستان اپنی مرضی کے مطابق وقت، جگہ اور انداز میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے ۔ وزیر دفاع نے اس بات کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ آزادی کے 78 سال بعد بھی پاکستان سر کریک سیکٹر پر تنازع جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ ہندوستان نے اس مسئلے کو بات چیت اور پرامن طریقے سے حل کرنے کی مسلسل کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سر کریک سیکٹر میں فوجی انفراسٹرکچر کی حالیہ توسیع اس کے مذموم عزائم کی واضح عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے واضح طور پر خبردار کیا کہ پاکستان کی جانب سے سر کریک سیکٹر میں کسی بھی مہم جوئی کا فیصلہ کن اور سخت جواب دیا جائے گا۔