کابل ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغانی عہدیدار کے مطابق پاکستان کا ایک وفد اس وقت کابل میں موجود ہے جو دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود افغانی حکام سے ملاقات کرے گا ۔ یاد رہے کہ جاریہ ماہ کے اوائل میں کابل میں پا کستان نے اپنے سفارت خانہ کے کونسلر سیکشن کو ناقص سیکوریٹی وجوہات کی بنیاد پر بند کردیا تھا ۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں ۔ افغانستان پاکستان پر طالبان کی مدد کرنے کا الزام عائد کرتا رہا ہے جس کی پاکستان نے ہمیشہ تردید کی ہے ۔ دوسری طرف دونوں ممالک ایک دوسرے کی مشترکہ سرحدوں پر فائرنگ کرنے کا الزام بھی عائد کر رہے ہیں اور اس سرحد پار فائرنگ کے نتیجہ میں گزشتہ ماہ تین خواتین ہلاک ہوگئی تھیں ۔ دریں اثناء افغانستان کے سلامتی مشیر کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے تبادلہ خیال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی مشیر حمد اللہ محب نے پاکستان کی انٹلیجنس ایجنسی کے سربراہ جنرل فیض حمید اور معتمد حارجہ سہیل محمود سے ملاقات کی ۔
