ممبئی۔2 فروری (یو این آئی) پاکستان کے ہندوستان کے خلاف گروپ مرحلے کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کے باوجود بی سی سی آئی ذرائع نے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا آئی سی سی پروٹوکول کے مطابق میچ کیلئے سری لنکا کا سفر کرے گی اور میچ ریفری کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔ذرائع کے مطابق ٹیم انڈیا تمام لازمی آئی سی سی ہدایات پر عمل کرے گی۔ ٹیم طئے شدہ شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی۔ پریس کانفرنس میں شرکت کرے گی۔ اور کولمبو کے ایس ایس سی کرکٹ گراؤنڈ پہنچے گی۔ ایک ذریعے نے کہا کہ ٹیم انڈیا سری لنکا جائے گی اور مقررہ وقت پر اسٹیڈیم پہنچ کر میچ ریفری کے میچ منسوخ کرنے کے اعلان کا انتظار کرے گی۔پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف 15 فروری کو ہونے والا گروپ مرحلے کا میچ بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان حکومت نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم ہندوستان کے خلاف اس میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔ پاکستان نے گزشتہ ماہ ورلڈ کپ کیلئے اپنا اسکواڈ بھی اعلان کیا تھا جو ہندوستان اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔پاکستان حکومت نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2026ء میں شرکت کی اجازت دی جاتی ہے لیکن 15 فروری 2026 کو ہندوستان کے خلاف میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ حکومت نے اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم انڈیا شاندار فارم میں ہے اور اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 4-1 سے جیتی ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا ہندوستان کیخلاف ریکارڈ خراب رہا ہے۔ دونوں ٹیمیں 8بار آمنے سامنے آئیں جن میں ہندوستان نے 7میچ جیتے اور پاکستان ایک میچ جیت سکا۔ ٹورنامنٹ 7 فروری سے شروع ہوگا۔