پاکستان کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ

,

   

3ہلاک ‘ مہلوکین میں چینی شہری شامل، دیگر17 افراد زخمی‘خاطیوں کو سزا دینے چین کا مطالبہ

کراچی: پاکستان کے شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا جس میں دو چینی شہری سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 شہری زخمی ہوگئے۔دھماکہ میں3 گاڑیاں اور چار موٹر سائیکلیں تباہ ہوگئیں-میڈیا کے مطابق ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئیل ٹینکر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔ اطراف میں رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ٹینکر اور گاڑیوں کی آگ بجھادی گئی۔ دھماکے کے بعد شارع فیصل ایئر پورٹ کے اطراف میں زبردست ٹریفک جام ہوگیا۔ ٹریفک کو بحال کرانے کئی گھنٹے لگے۔ زخمیوں میں 3 سیکیورٹی، 2 رینجرز و ایک پولیس اہلکار، اور دیگر تین افراد شامل ہیں۔ غیر ملکیوں کو علاج کیلئے قریب ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے دہشت گردوں نے نشانہ ایک کار کو بنایا ہے جس میں غیر ملکی سوار تھا جو زخمی ہوا ہے، دھماکے کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ہر زاویے سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ واقعے کے بعد صوبائی وزیرداخلہ، آئی جی سندھ ودیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس چیف سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے بھی احکامات دیے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تین غیر ملکیوں کی شناخت کر لی گئی ۔ مہلوکین میں لی جون ، وہ چون زن اور لی زہااو شامل ہیں۔واقعہ کے فوراً بعد چین نے ایک ہنگامی میٹنگ کرتے ہوئے پاکستان سے کہا کہ حملے کے قصورواروں کو سخت سزا دے اور وہاں موجود چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کیلئے سبھی ضروری اقدامات کرے۔