واشنگٹن: پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک کے درمیان ملاقات ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور کمانڈر یو ایس سنٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک کے درمیان ملاقات امریکی ریاست فلوریڈا میں سنٹرل کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں ہوئی۔آئی ایس پی آرنے کہاکہ سنیٹ کام اور پاک فوج کے درمیان دفاعی تربیت، رابطے بڑھانے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سینٹ کام جوائنٹ آپریشنز سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ آرمی چیف ان دنوں بطور سپہ سالار اپنے پہلے دورہ امریکہ پر موجود ہیں جہاں گزشتہ ہفتے انہوں نے سکریٹری دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن، نائب امریکی قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر، امریکی نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔