لندن۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کل ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کیخلاف اہم میچ کیلئے میدان میں اترے گی تو وہاب ریاض دائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے ان کی جگہ حسن علی یامحمد حسنین کو موقع دیا جائے گا۔دوسری طر ف ٹیم مینجمنٹ کو سینئر ترین کھلاڑی محمد حفیظ کی فارم کے حوالے سے بھی تشویش ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد حفیظ کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گا اور ان کی جگہ شعیب ملک یا آصف علی ٹیم کا حصہ ہوسکتے ہیں ،اس حوالے سے ذرائع نے کہاہے کہ شعیب ملک کی حالیہ ناقص کارکردگی کے باعث آصف علی کو ٹیم کا حصہ بنانے کا زیادہ امکان ہے جبکہ جارحانہ اوپنر فخرزمان کو آرام دے کر محمدحفیظ سے اوپننگ کروانے کا راستہ بھی موجود ہے اس صورت میں شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہوجائیگی دوسری جانب پاکستان کے خلاف گزشتہ 5 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم جو کہ پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے وہ اپنے آخری مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ کا بہتر اختتام کرنے کے لئے کوشاں ہوگی۔