پاکستان کے خلاف نریندر مودی بہادری اور ہمت کا مظاہرہ کرنے میں ناکام

   

جنگ بندی کے پس پردہ محرکات کی وضاحت کی جائے، جئے ہند ریالی سے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی پہلگام دہشت گرد حملہ کا پاکستان سے بدلہ لینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ملکاجگیری میں جئے ہند ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے ہندوستانی افواج کی بھرپور ستائش کی جس نے پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی افواج نے ہمیشہ کی طرح دشمن کے خلاف غیرمعمولی بہادری اور دلیری کی مثال قائم کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلگام واقعہ کے بعد ہندوستانی عوام کو آنجہانی اندرا گاندھی کی بے ساختہ یاد آرہی ہے جنھوں نے چین اور پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ پاکستان کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی تشکیل اندرا گاندھی کا کارنامہ ہے۔ بی جے پی کے سرکردہ قائد اٹل بہاری واجپائی نے پارلیمنٹ میں اندرا گاندھی کو خاتون آہن کے خطاب سے نوازا تھا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی ملک کے دشمنوں کے خلاف بہادری کا مظاہرہ کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ امریکی دباؤ پر اُنھوں نے اچانک جنگ بندی سے اتفاق کرتے ہوئے قوم کو مایوس کردیا ہے۔ ہندوستان کے پاس نادر موقع تھا جس کے ذریعہ پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جاسکتا تھا۔ اُنھوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیاکہ جنگ بندی کے پس پردہ محرکات کی قوم سے وضاحت کریں۔ ٹرمپ کی دھمکی یا پھر کوئی اور وجوہات تھی جس کے تحت جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جنگ بندی سے اتفاق کرنا کمزور ہندوستانی قیادت کی مثال ہے۔ بی جے پی اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے راہول گا ندھی کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ حکومت اور فوج کی مکمل تائید کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ جئے ہند یاترا کا مقصد ہندوستانی افواج کے حوصلوں کو بلند کرنا اور اُن سے اظہار یگانگت کرنا ہے۔1