پاکستان کے خلاف کوئی دہشت گردانہ کارروائی نہ کرنے طالبان کی یقین دہانی : قریشی

   

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ طالبان نے اس بات کا یقین دلایا ہیکہ افغانستان کی سرزمین سے کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قریشی نے کابل میں اپنے ایک روزہ دورہ کے بعد جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ طالبان نے یہ واضح طورپر کہہ دیا ہیکہ نہ تو ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان اور نہ ہی ممنوعہ بلوچستان لبریشن آرمی کو پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے افغانستان کی زمین کا استعمال کرنے کی اجازت دی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ اس دورہ کا مقصد افغانستان کیلئے ایک مربوط علاقائی نقطہ نظر پیدا کرنا تھا۔قریشی نے کہاکہ طالبان کو بتایا گیا کہ کس طرح سے پاکستان پوری دنیا سے افغانستان میں امدادی پروگراموں کیلئے درخواست کررہا ہے اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی جارہی ہیکہ اس ملک کی معیشت کو تباہ ہونے سے بچائے ۔