اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ان پر دہشت گردانہ معاملوں میں لگی اے ٹی اے (انسداد دہشت گردی ایکٹ) دفعات سے راحت کا حکم دیا ہے۔ دراصل، عمران خان پر خاتون جج کو دھمکی دینے کا الزام تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق، پیر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم جاری کیا کہ وہ عمران خان کے اوپر لگے تمام دہشت گردانہ معاملات ہٹا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ منعقدہ ایک ریلی میں 69 سالہ عمران خان نے ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار اپنے معاون شہباز گل کے ساتھ کئے گئے مبینہ برتاو سے متعلق اعلیٰ پولیس افسران، الیکشن کمیشن اور سیاسی مخالفین کے خلاف معاملہ درج کرانے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے اس دوران ایڈیشنل جج اور سیشن جج زیبا چودھری کا خاص طور پر نام لیا تھا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وہ ’کارروائی کے لئے تیار رہیں‘۔