نئی دہلی : جموں کشمیرکے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ نے منگل کو دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ ‘‘پڑوسی ملکوں کے ساتھ بہتر رشتے امن وخوشحالی کے لیے ضروری ہیں اور جب تک ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوں گے ہم ہندوستان میں کبھی امن نہیں دیکھ سکیں گے ۔’’ فاورق عبداللہ نے انڈو-عرب لیگ حیدرآباد کے زیراہتمام پروگرام ‘‘ہند -عرب یوم یکجہتی’’کے موقع پر ہندوستان اور عرب ملکوں کے مابین صدیوں پرانے رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اگرعرب ممالک متحد رہیں گے اور وہاں امن واستحکام رہے گا تو اس کاسب سے زیادہ فائدہ ہندوستان کو ہوگا، نیز انھوں نے کہاکہ برصغیرمیں امن وخوشحالی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعلقات ناگزیرہیں ۔انھوں نے مزید کہاکہ عرب ملکوں سے ہندوستان کی دوستی محض تیل کی وجہ سے یا وہاں لاکھوں ہندوستانی شہری کام کرتے ہیں اس کی وجہ سے نہیں بلکہ دونوں کے درمیان قدیم تہذیبی اور ثقافتی رشتوں کی وجہ سے ۔اس موقع پر سابق رکن پارلیمان محمدادیب نے ہندوستان اور عرب ملکوں کے مابین دیرینہ اور گہرے رشتوں کاذکر کرتے ہوئے انڈو-عرب لیگ ،حیدرآباد اور اسکے سابق چیئرمین سیدوقارالدین کی اس کے تعلق سے خدمات کونمایاں کیا۔انھوں نے پروگرام میں موجود عرب ممالک کے سفیروں کا شکریہ اداکرتے ہوئے خاص طورسے مراقش کے سفیر سے فٹبال عالمی کپ میں انکے ملک کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انکے علاوہ پروگرام میں اداکاری سے سیاست میں قدم رکھنے والے سابق رکن پارلیمان شتروگھن سنہا،رکن پارلیمان کنوردانش علی ،مسٹر عزیز برنی وغیرہ نے بھی ہندوستان اور عرب ملکوں کے مابین گہرے رشتوں کے بارے میں اپنے خیالات ظاہرکیے ۔