اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلائی مشن ’آئی کیوب قمر‘ نے چاند کے مدار میں داخل ہونے کے بعد پہلی تصویر لی ہے جو چینی حکام نے پاکستان کے سفیر کے حوالے کی۔سیٹلائٹ مشن آئی کیوب قمر (آئی کیوب کیو) کی کامیابی کی تقریب جمعے کو چینی ادارے چائنہ نیشنل اسپیس ایڈمینسٹریشن (سی این ایس اے) میں منعقد ہوئی۔آئی کیوب کیو نے سورج کی تیز روشنی کے ساتھ پہلی تصویر لی ہے۔سی این ایس اے نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ تقریب میں آئی کیوب کیو سیٹلائٹ مشن سے موصول ہونے والا ڈیٹا باضابطہ طور پر پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کے حوالے کیا گیا۔ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ 8 مئی کو چین کے مقامی وقت شام 4 بج کر 14 منٹ پر پاکستانی آئی کیوب کیو چانگ ای 6 مشن سے علیحدہ ہوا اور کامیابی سے پہلی تصویر کھینچی۔’پاکستان کے کیوب سیٹلائیٹ منصوبے نے اپنا ہدف مکمل کیا اور کامیابی سے علیحدہ ہوا اور ڈیٹا حاصل اور ٹرانسمٹ کیا۔‘سی این ایس اے کے مطابق 8 مئی کو مقامی وقت شام 4 بجکر 27 منٹ پر پاکستان کے سیٹلائٹ نے پہلی تصویر کھینچی جس میں سورج تیز روشنی کے ساتھ دکھائی دے رہا ہے۔8 مئی کو مقامی وقت شام 7 بجکر 56 منٹ پر پاکستان کے سیٹلائٹ مشن نے چاند کی پہلی تصویر کھینچی۔