پاکستان کے صدر عارف علوی کی پانچ سالہ میعاد مکمل

   

اسلام آباد: ڈاکٹر عارف علوی پانچ سالہ مدت پوری کرنے والے ملک کے جمہوری طور پر منتخب ہونے والے چوتھے صدر بن جائیں گے۔ انہوں نے نو ستمبر 2018ء کو عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور آج بروز جمعہ بارہ بجے نو ستمبر کی تاریخ ہوتے ہی ان کے عہدے کو پانچ برس مکمل ہو جائیں گے جس کے بعد ان کی مدت صدارت باضابطہ طور پر ختم ہو جائے گی۔آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی نئے صدر منتخب ہونے تک ایوان صدر ہی کے مکین رہیں گے اور بطور صدر اپنی فرائض سر انجام دیں گے۔ڈاکٹر عارف علوی کی پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے اور ان کا شمار سابق وزیر اعظم عمران خان کے قابلِ اعتماد دوستوں میں بھی ہوتا ہے۔اس سے قبل تین صدور نے اپنی مدت مکمل کی ہے، جن میں چوہدری فضل الہٰی (پانچویں صدر، 1973 تا 1978)، آصف علی زرداری (گیارہویں صدر، 2008 تا 2013) اور ممنون حسین (بارہویں صدر، 2013 تا 2018) شامل ہیں، لہٰذا ڈاکٹر عارف علوی مدت پوری کرنے والے مسلسل تیسرے صدر ہوں گے۔