ممبئی ، یکم جون (یو این آئی) ونچت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی حملے میں بھارتی طیاروں کو مار گرائے جانے کے دعوے پر ملک کو تفصیلی وضاحت دیں۔ یہ مطالبہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان کے اس انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پہلی بار تسلیم کیا کہ ‘آپریشن سندور’ کے پہلے روز پاکستان نے کچھ بھارتی لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنایا تھا، اگرچہ انہوں نے یہ واضح کیا کہ چھ بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا پاکستانی دعویٰ غلط ہے ۔پرکاش امبیڈکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، “یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔ کیا وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو گمراہ کیا ہے ؟ کیا وہ اب ہمیں اصل نقصان کے بارے میں سچائی سے آگاہ کریں گے جیسا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے سنگاپور میں ایک انٹرویو کے دوران کہا؟ ان سمیت کئی سوالات کے جواب مودی جی کو دینے ہوں گے ۔