اسلام آباد ۔ 5 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی شہری نے پاکستان میں جنگلی جانوروں کی کمیاب نسل سے تعلق رکھنے والے ملک کے قومی جانور مرخور کے شکار کی اجازت حاصل کرلی لیکن اجازت نامہ کے حصول کیلئے اسے 110,000 ڈالرس ادا کرنے پڑے جوایک ریکارڈ ہے ۔ ٹرافی ہنٹنگ سیزن کا اہتمام ملک کے شمالی گلگت ۔ بالتستان میں کیا جاتا ہے ۔ مرخور جنگلی بکرے کی ایک نسل ہے جو اپنے لمبے بالوں اور پیچ و خم والے سینگوں کی بنیاد پر جانا جاتا ہے ۔ پاکستان میں اس نسل کے بکرے کے شکار پر امتناع عائد ہے جیسا کہ دیگر ممالک کے قومی جانوروں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ البتہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت اگر اس جانور کے شکار کیلئے حکومت سے اجازت نامہ مل جائے تو پھر اس کا شکار کیا جاسکتا ہے۔ امریکی شہری برائن کنسیل ہارلن نے پیر کے روز ایک اُس بکرے کا شکار کیا ہے۔