پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے چینی سرمایہ کاری بہت اہم

   

اسلام آباد : پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہیکہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے۔چینی میڈیا کوانٹرویو دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان جون تک پانڈا بانڈ جاری کرنیکا خواہاں ہے، پاکستان چینی سرمایہ کاروں سے200 سے 250 ملین ڈالراکٹھا کرنے کا خواہش مند ہے، مصرکی طرز پر یوآن بانڈز کے اجرا کی بینک گارنٹی کے لئے ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے بات جاری ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چینی سرمایہ کاری بہت اہم ہے، پاکستان سی پیک کے اگلے فیز میں چین سے مزید تعاون کا خواہاں ہے اور اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونز، زراعت، آئی ٹی سیکٹرز میں وسعت لائی جائے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کے نجی شعبے اور برآمدی صنعتوں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، بڑی چینی کمپنیاں برآمدی یونٹس پاکستان منتقل کرکے پاکستان کوبطور برآمدی مرکز استعمال کرسکتی ہیں، سی پیک ٹو میں برآمدی صنعتوں کی ترجیح سے قرض ادائیگی کو آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کے تحفظ کے لیے سیکوریٹی میں اضافہ کیا جائے گا، پاکستان میں سیکوریٹی حالات بہتر ہوئے ہیں، عالمی کانفرنسز ہورہی ہیں اور غیرملکی وفود آرہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں اورسرمایہ کاروں کے تحفظ کویقینی بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔