پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا دورۂ چین

   

اسلام آباد۔ 30 اگست (یو این آئی) وزیراعظم شہباز شریف 25ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے 6 روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے ۔ ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی چین کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ چین کے تاریخی دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کروں گا۔ وزیر اعظم بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے ، صدر شی جن پنگ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے ، چین کے ساتھ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنائیں گے ۔ اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ خطے کے دیگر اہم ممالک سے تعلقات کو فروغ پر بات چیت ہوگی، وزاعظم نے علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کو مستحکم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھائیں گے ۔ یاد رہے کہ دفتر خارجہ نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 30 اگست سے 4 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔