پاکستان کے 20 شہر کورونا وائرس کے ہاٹ اسپاٹ

   

اسلام آباد ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ٹیسٹ، ٹریک اور قرنطینہ (ٹی ٹی کیو) کی حکمت عملی کی بدولت ملک کے ان 20 شہروں کو شناخت کرلیا ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز ہاٹ اسپاٹ کی شکل میں موجود ہیں۔وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وزیر اعظم کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے عین مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان بھر میں وائرس ہاٹ اسپاٹ اور کلسٹرز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔اس جائزے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ پاکستان بھر میں 20 شہر ایسے ہیں جہاں سے انفیکشن اور اس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے یہ تفصیلات صوبوں کے سپرد بھی کردی ہیں۔اسلام آباد میں کراچی کمپنی کے ساتھ ساتھ جی 9/2 اور جی 9/3 کے علاقوں کو 300 سے زائد کیسز ہونے کے بعد مہربند کردیا گیا ہے۔اسلام آباد میں نئے ہاٹ اسپاٹ درج ذیل ہیں جس کے بعد ان علاقوں کو بھی جلد مہربند کیا جا سکتا ہے۔ان علاقوں میں آئی-8، آئی-10، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی-6 اور جی-7 شامل ہیں۔مختلف شہروں میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ان علاقوں میں احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ان شہروں میںکراچی، لاہور ،کوئٹہ ،پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد،ملتان،گوجرانوالہ،سوات،حیدرآباد،سکھر،سیالکوٹ،گجرات،گھوٹکی، لاڑکانہ، ڈیرہ غازی خان ،خیرپور، ملاکنڈ اور مردان شامل ہیں۔