اسلام آباد: پاکستان کی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہیکہ اس کی بھرپور کوشش ہیکہ متحدہ عرب امارات سمندر کے راستے پاکستان سے تازہ گوشت کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ واپس لے۔عرب نیوز پاکستان کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایک روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان سے گوشت کی درآمد اگلے ماہ سے بند کر رہا ہے کیونکہ ایک نامعلوم کمپنی کی جانب سے ’غیرمعیاری‘ گوشت بھجوایا گیا۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ہی اگرچہ اس مسئلے کو تسلیم کر لیا تھا تاہم ساتھ ہی وضاحت بھی دی گئی تھی کہ اس کا ذمہ دار ایک شپنگ کمپنی کے فریز کرنے کا سسٹم ہے۔پاکستان، متحدہ عرب امارات کو سالانہ تقریباً 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا گوشت برآمد کرتا ہے۔ٹی ڈی اے پی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گوشت کا معیار خراب ہونے کی وجہ کنٹینر میں نصب ریفریجریشن سسٹم ہے جو کہ شپنگ کمپنی کی ذمہ داری ہوتی ہے۔‘بیان کے مطابق ’یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ ایکسپورٹرز نے شپنگ کمپنی پر ہرجانے کا دعوٰی بھی کیا ہے۔‘