اسلام آباد ؍ ابوظہبی: گوشت کی پروسیسنگ اور برآمد کرنے والی ایک معروف پاکستانی کمپنی نے سمندر کے ذریعہ متحدہ عرب امارات کودوبارہ گوشت برآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے گذشتہ دنوں تصدیق کی کہ اس نے امارات کے مطلوبہ معیارات کے مطابق اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ کو بہتر بنایا ہے۔ اس عمل سے پاکستان کی یو اے ای کو برآمدات بڑھانے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ گزشتہ ماہ امارات نے 10 اکتوبر سے سمندر کے راستے پاکستان سے گوشت کی درآمد روک دی تھی جب کم تر کوالٹی کی درآمدہ مصنوعات فراہم کی گئی تھیں۔ تاہم، ہوائی نقل و حمل کے ذریعہ چند شرائط کے ساتھ برآمدات پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی تھی۔ پاکستانی گوشت کے برآمد کنندگان نے اس وقت خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پابندی کے بعد برآمد ہونے والے گوشت کا حجم دو تہائی کم ہوجائے گا۔