پشاور 17جولائی (یو این آئی)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک، جبکہ ڈیرہ اسمعٰیل خان میں خاندانی تنازع پر 2 گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ڈان نیوز کے مطابق بدھ کی رات بنوں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی میں 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔بنوں ریجن پولیس کے ترجمان خانزالہ قریشی نے بتایا کہ ضرار گروپ سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد بنوں شہر کے مضافات میں کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں مارے گئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب تھے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایک خفیہ معلومات پر مبنی (انٹیلی جنس بیسڈ) آپریشن تھا، جو آدھی رات کے وقت کیا گیا، جس میں تینوں دہشت گرد مارے گئے ، ہلاک ہونے والوں میں مدثر عرف مدثریے ، تراب عرف عمر خطاب المعروف ملنگ، اور محمد حسین عرف معاذ شامل تھے ، اور تینوں کا تعلق بنوں ضلع سے تھا۔