محمد حمزہ خان نے فائنل میں مصر کے محمد ذکریا کو 1۔3 سے شکست دی
اسلام آباد :پاکستان کے حمزہ خان ورلڈ جونئیر اسکواش چیمپئن بن گئے۔ میڈیاکے مطابق پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے محمد حمزہ خان نے ملبورن میں کھیلی جارہی جونئیر چیمپئن شپ کے فائنل میں مصر کے محمد ذکریا کو 1۔3 سے شکست دیکر تاریخ دہرائی۔1986 کے بعد حمزہ پہلے پاکستانی بنے ہیں جنہوں نے ورلڈ جونئیر سکواش چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کی۔ ان سے قبل جان شیر خان نے آخری بار پاکستان کو ٹائٹل کے حصول میں کامیابی دلوائی تھی۔حمزہ خان آرمی کوچ آصف خان کی نگرانی میں دو ماہ تک ٹریینگ کرنے کے بعد ٹورنمنٹ میں حصہ لینے آسٹریلیا گئے تھے جبکہ چیمپئین بننے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے حمزہ خان کو مبارک باد دی جبکہ وطن واپسی پر شاندار استقبال کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ قومی پلئیر حمزہ خان قومی سطح پر آرمی کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ وہ اِس وقت جونیئر عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر ہیں۔